کراچی (رپورٹ: سندھ ریکا) امریکی قونصل جنرل کراچی کی جانب سے امریکہ کی آزادی اور قومی کامیابیوں کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر ’’فریڈم 250‘‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں سندھ کے سرکاری و نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ سندھ اسمبلی کے اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے مہمانِ خصوصی جبکہ سندھ کے گورنر سید نہال ہاشمی نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمن نے حکومت، کاروباری
شعبے، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، سفارتی برادری اور امریکی تبادلہ پروگرام کے سابق شرکاء کا خیرمقدم کیا۔
’’دی امریکن برانڈ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں امریکی جدت، کاروباری صلاحیت اور تخلیقی قوت کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر 4 جولائی 1776ء کے بنیادی اصولوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکہ کے دیرینہ قومی اصولوں کے اعادے کا بھی ذکر کیا گیا۔ تقریب میں ناظم الامور نیٹلی بیکر کے اس پیغام کو بھی دہرایا گیا کہ ایک مضبوط پاکستان امریکہ کے مفاد میں ہے اور ایک مضبوط امریکہ پاکستان کے مفاد میں ہے۔
اپنے خطاب میں امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمن نے دونوں ممالک کے درمیان پاکستان کے قیام سے جاری دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ، امریکہ اور پاکستان کے درمیان پائیدار شراکت داری میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، جبکہ صوبے میں امریکی تجارتی روابط بھی مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار استحکام کی بنیاد معاشی خوشحالی پر ہوتی ہے اور کراچی میں امریکی قونصل خانے کی ٹیم سندھ اور بلوچستان میں موجود معاشی استعداد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ امریکی حکومت پاکستان میں کام کرنے والی 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کی مسلسل حمایت کرتی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سال امریکہ اور پاکستان کے درمیان اشیا اور خدمات کی تجارت کا حجم 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچا۔
سندھ کے گورنر سید نہال ہاشمی نے دونوں ممالک کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے لیے اپنے اپنے ممالک کے مستقبل میں کردار ادا کرنے کا راستہ اب زیادہ علم، تعلیم، تخلیقی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب امریکی جدت کو پاکستانی صلاحیتوں، امریکی جامعات کو پاکستانی طلبہ، امریکی کاروباری رہنماؤں کو پاکستانی کاروباری صلاحیتوں اور کراچی کو عالمی معیشت سے جوڑنا ہے۔
سندھ اسمبلی کے اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے امریکہ کو آزادی کے 250 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری نے سندھ میں تعلیم، معاشی مواقع اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مستقبل میں مزید گہرے اور پائیدار تعاون کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔
’’فریڈم 250‘‘ ایک سال پر محیط مہم ہے، جس کے تحت دنیا بھر میں امریکی اعلانِ آزادی پر دستخط کے 250 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے مختلف تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’’امریکی عظمت کے ایک نئے دور‘‘ کے عنوان سے قومی جشن کا آغاز کیا، جس کے بعد دنیا کے مختلف ممالک میں امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی جانب سے بھی اسی سلسلے میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔