ہیوسٹن (رپورٹ: سندھ ریکا) امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ (سانا) کی پروگریسو ٹیم نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا۔ تقریب میں سندھ کی وحدت، قومی حقوق اور خواتین کی قیادت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
یہ تقریب ہیوسٹن کے ایلیٹ انڈو پاک بینکوئٹ ہال میں منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں سندھیوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے سندھ کی وحدت کے خلاف کسی بھی سازش کو مسترد کرتے ہوئے ’’سندھ کی تقسیم نامنظور‘‘ اور ’’سندھ ایک ہے اور ایک رہے گا‘‘ کے نعرے لگائے اور پلے کارڈز اٹھا کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سانا کے انتخابات میں پروگریسو ٹیم کے صدارتی امیدوار سہیل انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم پر کبھی بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ریاست ٹیکساس کے نمائندے ڈاکٹر سلیمان لالانی نے بھی سندھ کی وحدت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔
جنرل سیکریٹری کے امیدوار نعمان رستم شیخ نے سندھ کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کا مطالبہ کیا، جبکہ ہیوسٹن چیپٹر کے کوآرڈینیٹر کے امیدوار اور سائیں جی ایم سید کے پڑپوتے پارس سید نے اصولوں پر قائم رہنے پر زور دیا۔
نائب صدر (خواتین) کی امیدوار اینا خان نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سانا میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب میں صدام کورائی، عقیل ببر، سرمد ببر، قربان ببر، چندر شیکھر اور اختر نوربانی سمیت سانا کے مختلف عہدیداروں اور اراکین نے شرکت کی اور خطاب کیا۔