ورجینیا (رپورٹ: سندھ ریکا) امریکا میں مقیم سندھ کی نامور صحافی اور اینکر پرسن سبین میمن نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کے لیے کی جانے والی تمام سازشیں سندھ کی تاریخ، تہذیب اور قومی وحدت پر براہِ راست حملہ ہیں۔ سندھ کے عوام کبھی بھی سندھ کے ٹکڑے ہونے کو برداشت نہیں کریں گے۔
ایک بیان میں سبین میمن نے کہا کہ آج جو عناصر سندھ کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، وہ دراصل سندھ کے وسائل پر قبضہ اور سندھی قوم کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ کراچی سے کشمور تک اور تھر سے کوہستان تک سب سندھی ہیں اور ایک قوم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے شہداء، ہمارے بزرگوں اور ہماری مادری زبان نے ہمیں یہ سبق دیا ہے کہ اختلافات بھلا کر سندھ کے لیے متحد ہو کر کھڑا ہونا ہے۔ جو بھی سندھ کی تقسیم کی بات کرے گا، وہ سندھ کی 5 ہزار سالہ قدیم تہذیب کا دشمن ہے۔
سبین میمن نے حکومت اور سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والی قوتوں کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا بھی فرض ہے کہ وہ سندھ دشمن ایجنڈے کو بے نقاب کرے اور قومی اتحاد کا پیغام عام کرے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ جب تک سندھ کی کسی بھی ماں کی گود میں ایک بھی سندھی بچہ زندہ ہے، سندھ کی تقسیم ناممکن ہے۔ ہم اپنی دھرتی کے ایک ایک انچ کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔