پاکستان اسٹیل ایکس ایمپلائز ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے زیرِ اہتمام سالانہ فیملی ڈنر اور محفلِ غزل

مسسی ساگا (رپورٹ: سندھ ریکا) پاکستان اسٹیل ایکس ایمپلائز ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے زیرِ اہتمام سالانہ فیملی ڈنر اور محفلِ غزل کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ایسوسی ایشن کے نائب صدر نئیر واسطی نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا، جس کے بعد مرحومین کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض جنرل سیکریٹری اکمل نقوی نے انجام دیے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرنے والے تمام اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان کے سابق سفیر، ممتاز شاعر اور کالم نگار کرامت غوری نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اہم مقرر اور ٹی ڈی آئی کمپنی کے مالک خرم تونیو نے شرکاء کو اپنی کمپنی کی سرگرمیوں اور خدمات سے آگاہ کیا۔
پاکسیانا کے ڈائریکٹرز محمد اعجاز، شکیل شیخ اور نئیر طارق خان نے مہمانوں کا استقبال کیا اور بالخصوص امریکہ سے آنے والے مہمانوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
پاکسیانا کے صدر اور ڈائریکٹر طارق نیاز نے اپنے خطاب میں ایسوسی ایشن کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لیے حکومتِ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب میں شریک مہمانوں نے پاکسیانا کے عہدیداران، جن میں طارق نیاز، نئیر واسطی، اکمل نقوی، محمد اعجاز، شکیل شیخ اور نئیر طارق خان شامل ہیں، کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پروقار تقریب کے کامیاب انعقاد پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد محفلِ غزل منعقد ہوئی۔ معروف گلوکارہ مینا شیخ نے اپنی خوبصورت آواز میں غزلیں اور گیت پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔

Comments (0)
Add Comment