ہیوسٹن (رپورٹ: سندھ ریکا) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سلیمان لالانی ایک بار پھر ٹیکساس اسٹیٹ ہاؤس آف رِپریزنٹیٹوِز کے ڈسٹرکٹ 76 سے امیدوار سامنے آگئے ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ اسی نشست پر کامیاب ہوچکے ہیں۔
انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ یکم نومبر سے 3 نومبر تک جاری رہے گی، جبکہ ڈاکٹر سلیمان لالانی کی انتخابی مہم بھی زور و شور سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ہیوسٹن میں ’’ری الیکشن کمپین کک آف‘‘ کے عنوان سے ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں ڈاکٹر سلیمان لالانی اور ان کی اہلیہ ذکیہ لالانی نے شرکاء کا استقبال کیا۔
تقریب کے دوران نصرت لاشاری، تخلیق لاشاری اور دیگر شرکاء نے ڈاکٹر سلیمان لالانی کو انتخابی مہم میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اسٹیٹ رِپریزنٹیٹو کسی ریاست کے قانون ساز ادارے کے ایوانِ زیریں کا رکن ہوتا ہے، جو قانون سازی میں حصہ لینے کے ساتھ اپنے مخصوص انتخابی حلقے کے عوام کی نمائندگی کرتا ہے۔
ٹیکساس اسٹیٹ رِپریزنٹیٹو کے بنیادی فرائض میں ریاستی قوانین کی تشکیل اور قانون سازی پر ووٹ دینا، ریاستی بجٹ سے متعلق فیصلوں میں حصہ لینا اور قانون ساز اسمبلی کی مختلف کمیٹیوں میں خدمات انجام دینا شامل ہیں۔ ٹیکساس ہاؤس آف رِپریزنٹیٹوِز کے ارکان دو سال کی مدت کے لیے منتخب ہوتے ہیں۔ ایوان میں مجموعی طور پر 150 ارکان شامل ہیں، جن میں سے ہر نمائندہ تقریباً ایک لاکھ 13 ہزار شہریوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سلیمان لالانی کی سابقہ قانون سازی اور عوامی خدمات کا بھی ذکر کیا گیا۔ بتایا گیا کہ انہوں نے ٹیکساس کے اسکولوں میں عید کی تعطیلات کی منظوری اور سندھی زبان و ثقافت کو اجاگر کرنے سے متعلق قانون سازی میں بھی کردار ادا کیا۔