امریکی قونصل جنرل کا حیدرآباد کا دورہ، تجارت، سرمایہ کاری، جدت اور ثقافتی روابط پر زور

حیدرآباد (رپورٹ: سندھ ریکا) امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمن نے 2 ستمبر کو حیدرآباد کا دو روزہ دورہ مکمل کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کاروباری شخصیات، سرکاری حکام، نئے کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں اور امریکی ایکسچینج پروگرامز کے سابق شرکا سے ملاقاتیں کیں۔

اس دورے کا مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا، امریکی جدت اور نئی ٹیکنالوجی کو اجاگر کرنا اور امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات منانا تھا۔

قونصل جنرل گڈمن نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سندھ آبادگار بورڈ کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حیدرآباد کے زرعی اور صنعتی شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اہم شعبوں میں خوراک کی تیاری، ٹیکسٹائل، گاڑیوں کے پرزہ جات، کوئلہ، سنگِ مرمر اور جپسم سمیت معدنی وسائل شامل تھے۔

حیدرآباد میں امریکی کمپنیوں سیمنز اور ایلانکو کی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے جانوروں کی خوراک تیار کرنے والے کارخانوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل گڈمن نے امریکا سے سویابین درآمد کرنے کے لیے فیومیگیشن کے طریقہ کار کی شرائط آسان بنانے سے متعلق نئے پاکستان-امریکا معاہدے کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ سویابین کی درآمد کے نظام کو بہتر بنانے سے پاکستان کی جانوروں کی خوراک تیار کرنے والی صنعت کو مدد ملے گی، جو ملکی معیشت کے لیے اہم ہے۔ یہ اقدام پاکستان اور امریکا دونوں کے بہترین مفاد میں ہے۔

نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے دورے کے دوران قونصل جنرل گڈمن نے ٹیکنالوجی کے ماہرین سے امریکی مصنوعی ذہانت اور زرعی ٹیکنالوجی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان-امریکا ایلومنائی نیٹ ورک کے جامشورو چیپٹر کے ارکان سے بھی ملاقات کی، جو ٹیکنالوجی، زراعت، آبی وسائل، قابلِ تجدید توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔

قونصل جنرل گڈمن نے لنکن کارنر حیدرآباد میں ’’فاؤنڈرز میوزیم‘‘ کا افتتاح بھی کیا۔ یہ نمائش امریکا کے قیام اور آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر وائٹ ہاؤس کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ یہ نمائش دسمبر تک سندھ کے مختلف تعلیمی اور ثقافتی اداروں میں لگائی جائے گی، جس کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کو امریکا کے بانی رہنماؤں اور امریکی اقدار کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ کے الفاظ دہراتے ہوئے قونصل جنرل گڈمن نے کہا: ’’امریکی آزادی کی نعمتوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنے عزم اور خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہمیشہ جدوجہد کرتے آئے ہیں اور کبھی نہیں رکے۔‘‘

جنرل گڈمن نے سندھ کے آبپاشی کے وزیر جام خان شورو سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آبپاشی کے نظام، سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات اور امریکی سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

انہوں نے کولگیٹ پام اولیو پاکستان لمیٹڈ کا دورہ بھی کیا، جو صارفین کی اشیا تیار کرنے والی ایک عالمی کمپنی ہے اور جسے لیکسن گروپ نے 1977ء میں قائم کیا تھا۔

قونصل جنرل گڈمن نے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا: ’’امریکی کمپنیاں، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری پاکستان کے معاشی ڈھانچے کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔‘‘

Comments (0)
Add Comment