ہیوسٹن (رپورٹ: تخلیق لاشاری) سندھ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا (SANA) ہیوسٹن چیپٹر کے زیرِ اہتمام امریکا کے شہر ہیوسٹن میں ثقافتی شام منعقد کی گئی، جس میں سندھی ثقافت، روایتی کھانوں اور دریائے سندھ کی موجودہ صورتحال کو اجاگر کیا گیا۔
ثقافتی شام کے دوران سندھ کے روایتی اور قدیم مشہور کھانوں کے مختلف اسٹالز لگائے گئے، جہاں شرکاء نے سندھی لذیذ کھانوں سے لطف اٹھایا۔ تقریب میں ’’دریا کی گونج‘‘ کے عنوان سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں دریائے سندھ کی صورتحال اور دریا سے متعلق ماحولیاتی مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ دستاویزی فلم میں بتایا گیا کہ صدیوں سے سندھ کے لوگوں کو زندگی دینے والے دریا
سے اب زندگی چھینی جا رہی ہے اور آج دریا سے مردہ مچھلیاں بھی مل رہی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سانا کے صدر ڈاکٹر مقبول ہالیپوٹو نے کہا کہ دریائے سندھ کے بغیر سندھ کی تاریخ بھی باقی نہیں رہے
گی اور ہماری شناخت کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو، بالخصوص امریکا میں مقیم سندھ کے لوگوں کو بھی بیدار ہونا ہوگا۔ اگر ہم یہاں آسائش اور سکون کی زندگی میں گم ہو کر اپنی سندھ دھرتی کی فکر نہیں کریں گے تو یہ ہمارے لیے افسوس اور شرمندگی کی بات ہوگی۔
نصرت لاشاری نے کہا کہ سندھ کی تقسیم اور دریائے سندھ کی تباہی کسی صورت ہونے نہیں دیں گے اور سندھ کی وحدت، ثقافت اور دریا کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
ثقافتی شام میں اسد شیخ، ظفر آغا، ریاض چانڈیو اور دیگر نے شرکت کی۔