سنگیتا کا تیسری شادی سے متعلق اہم انکشاف، ماضی کے تلخ تجربات بھی بیان کردیے

39

سینئر اداکارہ کا کہنا ہے کہ موجودہ شوہر نے کئی بار شادی کی پیشکش کی، غصے میں دونوں خاموش رہنے کو ترجیح دیتے ہیں

کراچی: پاکستانی فلم اور ٹی وی کی سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے اپنی تیسری شادی اور ماضی کے ازدواجی تجربات کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سنگیتا نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی اور دوسری نوید اکبر سے ہوئی تھی، جبکہ ان کی تیسری شادی فلم انڈسٹری سے وابستہ طارق میندرو سے ہوئی، جو فلم ڈسٹری بیوشن کے شعبے سے بھی منسلک ہیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کی موجودہ شادی کو 14 سال ہوچکے ہیں۔ بچوں کی شادیاں ہونے کے بعد جب وہ خود کو تنہا محسوس کرنے لگیں تو طارق میندرو نے انہیں کئی مرتبہ شادی کی پیشکش کی۔

شادی میں سکون کی وجہ کیا ہے؟

سنگیتا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس عمر میں ایک ایسے ساتھی کی ضرورت محسوس کی جو مشکل وقت میں ان کے ساتھ رہے۔ ان کے مطابق موجودہ شوہر گالم گلوچ یا خواتین پر ہاتھ اٹھانے کے قائل نہیں اور بلاوجہ جھگڑا بھی نہیں کرتے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر دونوں میں سے کسی کو غصہ آئے تو وہ بحث کو بڑھانے کے بجائے خاموشی اختیار کرتے ہیں، حتیٰ کہ ان کے شوہر بعض اوقات غصے کی صورتحال میں کمرے سے باہر چلے جاتے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق یہی طرزِ عمل ان کی موجودہ ازدواجی زندگی میں سکون کی ایک اہم وجہ ہے۔

ماضی کی شادیوں میں تشدد کا ذکر

سنگیتا نے انٹرویو کے دوران سابقہ ازدواجی زندگی کے تلخ تجربات پر بھی بات کی اور مبینہ گھریلو تشدد کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک شادی میں سب سے بڑا ’ریڈ فلیگ‘ جسمانی تشدد ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے ماضی میں طلاق کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے گھریلو تشدد کے دوران بہت کچھ برداشت کیا اور بعض مواقع پر جسم پر چوٹوں کے نشانات کے ساتھ اسٹوڈیو بھی پہنچتی رہی ہیں۔

سنگیتا کا کہنا تھا کہ موجودہ شوہر کے ساتھ ان کا رشتہ باہمی احترام اور غصے کے وقت خاموشی اختیار کرنے کے اصول پر قائم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.