ٹرمپ کا ایران کو تین آپشنز دینے کا دعویٰ، بڑے فیصلے کا عندیہ

43

امریکی صدر نے ایران کو معاہدے، معاشی تباہی یا تباہ کیے جانے کی صورتِ حال میں سے انتخاب کا ذکر کیا، ایرانی صدر سے ملاقات کا امکان بھی ظاہر کردیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکا فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور خطے میں بڑی تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ تہران کے پاس اپنے طرزِ عمل میں تبدیلی لانے کا وقت ہے، بصورت دیگر اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹرمپ کے مطابق ایران کے سامنے تین راستے موجود ہیں، جن میں معاہدہ کرنا، معیشت کو شدید نقصان پہنچنا یا ملک کو تباہ کیے جانے کی صورتِ حال شامل ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کو کسی بھی انتہائی اقدام سے قبل اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔

ایرانی صدر سے ملاقات کا امکان

ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل امریکا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کو ویزے جاری کیے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.